24/03/2026
نوشہرہ (پی آر او)
*تھانہ بدرشی کی حدود اے ایس سی کالونی فیز E، سٹریٹ 9 میں کمسن بچے کی لاش برآمد، واقعے کی تحقیقات جاری، لاش پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔*
تفصیلات کے مطابق:. آج صبح مقامی افراد کی جانب سے ایک کمسن بچے کی لاش ملنے کی اطلاع پولیس کو دی گئی، جس پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ابتدائی کارروائی کے دوران علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور جائے وقوعہ کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
ضلعی پولیس سربراہ احمد شاہ نے ایس پی انویسٹی گیشن شاہ اسد خان (PSP) کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی ، جس میں ایس ڈی پی او کینٹ حفیظ یوسفزئی، ایس ایچ او تھانہ بدرشی حسین قادر اور تفتیشی افسر اے ایس آئی اسد جان شامل ہیں۔ ٹیم کو واقعے کے اصل حقائق منظر عام پر لانے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔
پولیس نے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ جدید سائنسی اور فارنزک طریقوں سے شواہد کا تجزیہ بھی جاری ہے۔ بچے کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور حتمی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ شفاف اور مکمل تحقیقات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ حقائق جلد سامنے لائے جا سکیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔