23/10/2025
نوتعینات ریجنل پولیس آفیسر مردان ربنواز خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
مردان: نوتعینات ریجنل پولیس آفیسر مردان ربنواز خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر ڈی پی او مردان اور دیگر سینئر پولیس افسران نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی۔
بعد ازاں، آر پی او ربنواز خان نے پولیس لائنز مردان میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے، سلامی پیش کی اور شہداء کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اپنے خطاب میں آر پی او ربنواز خان نے کہا کہ مردان ریجن میں امن و امان کا قیام، عوام کے جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس افسران اور جوان قانون کی بالادستی، شفافیت، اور خدمتِ خلق کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے سرانجام دیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عوام دوست پولیسنگ کے فروغ، جرائم کے تدارک، اور منشیات و دہشت گردی جیسے سنگین جرائم کے خاتمے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔