09/11/2026
یومِ اقبال کے موقع پر گورنمنٹ ماڈل گیریژن ہائی سکول پٹن میں پروقار تقریب کا انعقاد
ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر کی ہدایات پر نوجوان نسل کو مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے افکار، فلسفۂ خودی اور ملی شاعری سے روشناس کرانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر پٹن نے ڈسٹرکٹ یوتھ آفس کوہستان لوئر اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے گورنمنٹ ماڈل گیریژن ہائی سکول پٹن میں یومِ اقبال کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب کا بنیادی مقصد طلبہ میں قومی شعور، فکری بیداری، حب الوطنی اور علامہ اقبالؒ کے پیغامِ خودی و عمل کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طلبہ نے ملی نغمے اور علامہ اقبالؒ کا کلام انتہائی خوبصورت اور پُرجوش انداز میں پیش کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے علامہ اقبالؒ کی حیات و خدمات، فلسفۂ خودی، تصورِ شاہین اور اتحادِ اُمت کے موضوعات پر مدلل اور پُراثر تقاریر بھی پیش کیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر پٹن، جناب شاہد اللہ شاہد نے اپنے خطاب میں علامہ اقبالؒ کے افکار و تعلیمات کو عصرِ حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علامہ اقبالؒ کے تصورِ شاہین کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے علم، محنت، خود اعتمادی اور بلند کردار کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ ملکِ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔