26/08/2026
پاکستان کی 33 یونیورسٹیز نے یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ کی "بیسٹ گلوبل یونیورسٹیز رینکنگ 2026-27" میں جگہ حاصل کرلی ہے۔ اس فہرست میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد پاکستان کی سب سے اعلیٰ درجہ بندی والی یونیورسٹی قرار پائی، جو 52.0 مجموعی اسکور کے ساتھ دنیا بھر میں 410ویں نمبر پر رہی۔
یہ عالمی درجہ بندی 100 سے زائد ممالک کی 2,250 سے زیادہ جامعات کا جائزہ لے کر مرتب کی گئی ہے، جس کی بنیاد تحقیقی کارکردگی اور علمی ساکھ پر ہوتی ہے۔
پاکستانی جامعات میں کامسیٹس کے بعد قائداعظم یونیورسٹی (عالمی نمبر 451)، یونیورسٹی آف لاہور (479)، یونیورسٹی آف مینیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (573) اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (590ویں نمبر) پر رہیں۔
فہرست میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، آغا خان یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد اور دیگر معروف ادارے بھی شامل ہیں۔
عالمی سطح پر ہارورڈ یونیورسٹی نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جس کے بعد MIT، اسٹینفورڈ، آکسفورڈ اور کیمبرج نے ٹاپ فائیو مکمل کیا۔
واضح رہے کہ یو ایس نیوز کی درجہ بندی بنیادی طور پر جامعات کے تحقیقی مشن، اشاعتوں، حوالہ جات اور بین الاقوامی تعاون پر مرکوز ہوتی ہے۔ تاہم مجموعی طور پر 33 پاکستانی جامعات کا عالمی فہرست میں شامل ہونا ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔