08/04/2026
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے نئے منصوبوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بڑے منصوبے زیر غور آئے، جن میں ٹرائیبل میڈیکل کالج، نرسنگ کالجز، اسپتالوں کی اپ گریڈیشن، ہیلتھ سٹی، نئے بلاکس، بریسٹ کینسر اسکریننگ سینٹرز اور 1000 بیڈز جنرل اسپتال شامل ہیں۔
تعلیم کے شعبے میں سکولوں کی اپ گریڈیشن، ناپید سہولیات کی فراہمی، آئی ٹی و سائنس لیبز کی بحالی، اور کمپیوٹر سائنس میں اے آئی نصاب کی شمولیت تجویز کی گئی، جبکہ ضم اضلاع میں سکالرشپس اور اساتذہ کے لیے ہاسٹلز بھی زیر غور آئے۔
اجلاس میں لینڈ ریکارڈ کی بہتری، ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے قیام، اقلیتی برادری کی مالی خودمختاری، اور مدارس و مساجد کی انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے بھر کے سکولوں میں 20 ہزار اضافی کلاس رومز شامل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صحت اور تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہیں، اور عوام کو دہلیز پر سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔