28/08/2026
عبدالغنی مینگل کی وفات پاکستان باکسنگ کمیونٹی کے لیے بڑا صدمہ ہے، حاجی صادق خان اچکزئی
کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی رہنما اور بلوچستان باکسنگ ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حاجی صادق خان اچکزئی نے پاکستان پروفیشنل باکسنگ کے صدر عبدالغنی مینگل کی ناگہانی وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں حاجی صادق خان اچکزئی نے کہا کہ عبدالغنی مینگل کی وفات پاکستان کی باکسنگ کمیونٹی اور کھیلوں کے حلقوں کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ مرحوم نے پاکستان میں باکسنگ کے فروغ، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کی ترقی کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عبدالغنی مینگل ایک مخلص اور کھیل دوست شخصیت تھے۔ ان کی خدمات اور کاوشیں باکسنگ کے میدان سے وابستہ افراد کے لیے قابلِ قدر سرمایہ ہیں۔
حاجی صادق خان اچکزئی نے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں مرحوم کے اہل خانہ، لواحقین اور پاکستان کی باکسنگ کمیونٹی کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم عبدالغنی مینگل کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین