07/09/2026
کیچ: بلوچستان نیشنل پارٹی کیچ کے ترجمان نے پارٹی کے سینئر رہنما اور معروف وکیل مہراب گچکی کے فارم ہاؤس پر ایف سی چھاپے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران وہاں موجود تین ملازمین کو بھی ساتھ لے جایا گیا۔ بعد میں ایک ملازم کو راستے میں چھوڑ دیا گیا، لیکن باقی دو ملازمین کے بارے میں ابھی تک کوئی واضح صورتحال سامنے نہیں آئی۔
ترجمان نے مطالبہ کیا کہ ان افراد کے بارے میں فوری طور پر مکمل معلومات دی جائیں اور انہیں ان کے تمام قانونی اور بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شہری، سیاسی رہنما یا قانون دان کے گھر یا فارم ہاؤس پر کارروائی کرتے وقت قانونی تقاضوں اور شہری آزادیوں کا احترام لازمی ہے۔ اگر واقعی کوئی قانونی کارروائی کرنی ہو تو اسے کھلے اور شفاف طریقے سے قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔
ترجمان نے اس پورے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی جلد وضاحت کی جائے اور تمام کارروائی آئین و قانون کے دائرے میں رکھی جائے۔ انہوں نے ایڈووکیٹ مہراب گچکی اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ پارٹی کی مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا اور شہری حقوق و آزادیوں کے احترام پر زور دیا۔