04/08/2026
راولپنڈی کچہری چوک جی ٹی روڈ پر مبینہ غیر قانونی پارکنگ، انتظامیہ کی خاموشی پر شہری برہم
راولپنڈی کے مصروف کچہری چوک جی ٹی روڈ پر مبینہ طور پر سڑک کے ایک حصے پر قبضہ کرکے پارکنگ قائم کر دی گئی ہے، جہاں گاڑیاں کھڑی کرنے کے عوض باقاعدہ پارکنگ پرچیاں جاری کیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرِعام جاری اس مبینہ غیر قانونی سرگرمی کے باوجود ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ عوام کا مؤقف ہے کہ اگر یہ عمل غیر قانونی ہے تو اسے فوری طور پر بند کیوں نہیں کیا جا رہا، اور اگر قانونی ہے تو اس کی وضاحت کیوں نہیں کی جا رہی۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سمیت متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں، ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور کچہری چوک جیسی اہم شاہراہ کو ہر قسم کی مبینہ غیر قانونی پارکنگ سے فوری طور پر واگزار کرایا جائے۔
موقع سے سامنے آنے والی ویڈیو میں مبینہ طور پر پارکنگ کے انتظامات اور پرچیوں کا اجراء دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے متعلقہ انتظامیہ کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔