04/08/2026
*"شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے"*
*شہداء پولیس ڈے کے موقع پر ڈیرہ غازی خان پولیس کا اپنے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت*
شہداء پولیس ڈے کے موقع پر ڈیرہ غازی خان پولیس کے زیرِ اہتمام یادگارِ شہداء پولیس لائن اور ٹریفک چوک پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے شمعیں روشن کی گئیں۔
ڈی پی او ڈیرہ غازی خان، ایس پی انوسٹی گیشن و دیگر پولیس افسران، صحافیوں، شہریوں اور سکول کے بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ پولیس لائن میں ڈی پی او، ایس پی انوسٹی گیشن و سکول کے بچوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر "پنجاب پولیس زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان پولیس کے 43 بہادر سپوتوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن کے قیام اور قانون کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارا فخر اور قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمیشہ کی طرح ہر قدم پر کھڑی ہے۔ آج ہم جس امن اور تحفظ کی فضا میں سانس لے رہے ہیں، وہ انہی عظیم شہداء کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔ اپنے پاک لہو سے قوم کی تاریخ رقم کرنے والے یہ بہادر سپوت ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہیں گی۔