17/07/2026
پریس ریلیز
مورخہ: 17 جولائی 2026
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے زکوٰۃ، عشر، سماجی بہبود، خصوصی تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے جناب لیاقت علی خان، سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود خیبر پختونخوا جناب شریف حسین، ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود خیبر پختونخوا جناب محمد صالح اور ڈپٹی کمشنر ضلع لوئر دیر جناب بشارت احمد کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، ڈسٹرکٹ آفیسر سماجی بہبود ضلع لوئر دیر محمد زیب نے محکمہ سماجی بہبود کے ساتھ رجسٹرڈ دارالسلام معیار یتیم خانہ کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈسٹرکٹ آفیسر سماجی بہبود نے یتیم بچوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور کمپیوٹر کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد (سرٹیفکیٹس) تقسیم کیے۔
ادارے کی انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت 20 یتیم طلبہ ادارے میں رہائشی (ہاسٹلائزڈ) سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ ادارے کے مختلف تعلیمی و فنی پروگراموں میں درج ذیل طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں:
کمپیوٹر کورس: 35 مرد طلبہ
کمپیوٹر کورس: 20 طالبات
مدرسہ (دوسری شفٹ): 30 مرد طلبہ
انگلش لینگویج کورس: 40 مرد طلبہ
مدرسہ: 60 طالبات
ڈسٹرکٹ آفیسر سماجی بہبود محمد زیب نے دارالسلام معیار یتیم خانے کی انتظامیہ کی جانب سے یتیم، نادار اور مستحق بچوں کی تعلیم، تربیت اور فلاح و بہبود کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ادارے کے مختلف شعبہ جات، کلاس رومز، رہائشی سہولیات اور تمام متعلقہ ریکارڈ کا محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق تفصیلی معائنہ کیا۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ادارے کا تمام انتظامی، مالی، رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ ریکارڈ محکمہ سماجی بہبود کے قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل، درست اور ہر وقت اپ ڈیٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی وقت سرکاری معائنہ کی صورت میں مطلوبہ ریکارڈ فوری طور پر پیش کیا جا سکے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر سماجی بہبود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ سماجی بہبود خیبر پختونخوا رجسٹرڈ فلاحی اداروں کی مؤثر نگرانی اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا تاکہ یتیم، نادار اور مستحق افراد کو معیاری اور بہتر سماجی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔