13/11/2026
# شہزادہ عثمان طاہر کی قیادت میں استحکام پاکستان اوورسیز فورم پرتگال چیپٹر کے وفد کی سفیر پاکستان عائشہ فاروقی سے اہم ملاقات
**لزبن (پرتگال):** بانی و چیئرمین تحریک استحکام پاکستان و استحکام پاکستان اوورسیز فورم شہزادہ عثمان طاہر کی قیادت میں استحکام پاکستان اوورسیز فورم (IPOF) پرتگال چیپٹر کے رہنماؤں نے سفیر پاکستان محترمہ عائشہ فاروقی سے پاکستانی سفارت خانہ پرتگال میں اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں چوہدری غضنفر جاوید اور مہر محمد سلیم بھی شریک تھے۔ اس موقع پر پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل، ان کے حل اور اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شہزادہ عثمان طاہر نے چوہدری غضنفر جاوید اور مہر محمد سلیم کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے لیے کی جانے والی خدمات اور کاوشوں کو سراہا۔
سفیر پاکستان محترمہ عائشہ فاروقی نے بھی استحکام پاکستان اوورسیز فورم کی خدمات اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اس کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے مثبت خیالات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن پرتگال جناب عمیر خان بھی موجود تھے۔
ملاقات کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا، سفارت خانے اور کمیونٹی نمائندگان کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانا اور اوورسیز پاکستانیوں کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا تھا۔
شہزادہ عثمان طاہر نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ استحکام پاکستان اوورسیز فورم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔