23/06/2026
کنوداس میں امن و امان کے قیام کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار
کنوداس امن و اصلاحی کمیٹی کے ممبران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقے میں امن و امان کی صورتحال، بالخصوص محرم الحرام کے دوران امن کے قیام کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے کنوداس کے عمائدین اور نوجوانوں کی جانب سے محرم الحرام سمیت مختلف مواقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انجام دی جانے والی رضاکارانہ خدمات کو سراہا اور ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما نمبردار فضل الرحمن، مولا محمد تسلیم، محمد فراز، صلاح الدین، محمد کرام، محمد حاصل خان، قاری محمد نسیم، یوسف علی صدر، حسن عسکری، چوہدری محمد الیاس چوہان، خطیب الرحمن اور دیگر معزز شرکاء نے شرکت کی۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حسبِ سابق اپنی رضاکارانہ خدمات کے ذریعے علاقے میں امن و استحکام کے قیام میں فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ امن، اتحاد اور باہمی احترام ہی ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں، اور ان اقدار کے فروغ کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔