16/07/2026
16 جولائی
زیارت: موجودہ سیکیورٹی خطرات اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے ایس پی زیارت عبدالمالک درانی کے ہمراہ ضلع زیارت کے تھانہ کواس کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈی آئی جی لورالائی رینج نے تھانے کے مختلف شعبہ جات، سیکیورٹی انتظامات اور مجموعی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور ہدایت کی کہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ہر وقت مکمل چوکس رہتے ہوئے اپنے فرائض پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔
ڈی آئی جی لورالائی رینج نے اس موقع پر کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ بلوچستان پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور موجودہ حالات کے تناظر میں پولیس کی پیشہ ورانہ تیاری، بروقت ردعمل اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اہلکاروں کے حوصلے، فرض شناسی اور خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن و امان کے قیام اور دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔