08/08/2026
آر پی او مالاکنڈ کا کبل دھماکے میں شہید پولیس اہلکاروں کے گھر آمد، لواحقین سے ملاقات اور تعزیت
ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ نے کبل خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کانسٹیبل آمین خان، کانسٹیبل خالد خان اور کانسٹیبل مکرم خان کے گھروں جا کر لواحقین سے ملاقات کی اور شہدائے پولیس کی اس عظیم قربانی پر دلی تعزیت پیش کی۔
اس دوران انہوں نے شہداء کے بچوں سے بھی شفقت سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں دلاسہ دیا۔
اس موقع پر آر پی او ملاکنڈ نے شہداء کے ایصال ثواب اور بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کو یقین دلایا کہ محکمہ پولیس ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے قابلِ فخر شہداء نے محکمہ پولیس کے لیے جو خدمات اور قربانیاں دی ہے وہ لائقِ تحسین ہیں۔ ہم ان بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
آر پی او ملاکنڈ نے شہداء کے کمسن بچوں کے سروں پر شفقت کا ہاتھ رکھا، انہیں لاڈ کیا اور تحائف بھی پیش کیے۔