10/09/2026
کوکی خیل قومی کمیٹی کا گرینڈ مشاورتی اجلاس، 21 ستمبر کو اہم جرگے کا اعلان
خیبر: تحصیل جمرود میں کوکی خیل قومی کمیٹی کے 42 رکنی قومی شوریٰ کا گرینڈ مشاورتی اجلاس ملک نصیر احمد کوکی خیل کے حجرے میں منعقد ہوا، جس میں قومی شوریٰ کے اراکین سمیت کثیر تعداد میں قومی مشران، عمائدین اور دیگر افراد نے شرکت کی۔اجلاس میں کوکی خیل قوم کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک نصیر احمد کوکی خیل نے کہا کہ کوکی خیل قوم نے ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے، حکومت قوم کے جائز مسائل مذاکرات اور باہمی مشاورت سے حل کرے۔انہوں نے تیراہ متاثرین کی باعزت واپسی، ریگی للمہ اراضی کے مسئلے کے حل، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے عوامی مسائل کا مستقل حل نکالیں اور کیے گئے وعدے فوری طور پر پورے کریں، بصورت دیگر عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
ملک نصیر احمد کوکی خیل نے نجیب مجبور پشتون پر جیل میں مبینہ تشدد کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں موجود سیاسی قیدیوں کو عدالتوں میں پیش کرکے ان کے مقدمات آئین و قانون کے مطابق نمٹائے جائیں۔
اجلاس کے اختتام پر مشران نے اعلان کیا کہ 21 ستمبر کو صبح 9 بجے کوکی خیل قوم کا اہم جرگہ منعقد ہوگا، جس میں سیاسی و غیر سیاسی شخصیات، تنظیموں کے رہنماؤں، قومی مشران اور عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی۔
اجلاس میں مذکورہ تمام مسائل کے حوالے سے مشترکہ قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔