05/08/2026
خیبرپختونخواٹورازم اتھارٹی اور ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے اشتراک سے یومِ استحصالِ کشمیر ریلی کا انعقاد
خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے اشتراک سے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پرکشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے خصوصی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر، کمانڈنٹ ٹورازم پولیس خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی شاہ نواز نوید، ڈائریکٹر کلچراینڈٹورازم محمد علی سید، ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع عمر ارشد خان،دونوں اداروں کے افسران، اہلکاروں اور ملازمین سمیت کھلاڑیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ریلی میں شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور کشمیر کے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف مختلف نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران شرکاء نے ''کشمیر بنے گا پاکستان'' کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا ء کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔ جب بھارت نے یکطرفہ اقدام کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقِ خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان ہر سطح پر ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔