14/08/2026
ڈورکھن اسکول میں یومِ آزادی پاکستان کے سلسلےمیں پروقار تقریب کا انعقاد
ہنزہ: ڈورکھن اسکول میں یومِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں ایک پروقار اور پرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ، طلبہ و طالبات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور مختلف ٹیبلو پیش کیے۔ ننھے طلبہ نے اپنی پُرجوش تقاریر کے ذریعے وطنِ عزیز سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، جس کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دیں۔ نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعلیم، محنت، نظم و ضبط اور اتحاد کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔
تقریب میں پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی اور قومی اتحاد کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر طلبہ میں تحائف اور اسناد بھی تقسیم کی گئیں، جبکہ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے تقریب کا اختتام ہوا۔