28/07/2026
*صوبائی سکریٹری برائے محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ سجاد کا دریائے ہُشے پر 140 میٹر آر سی سی پل کے منصوبے کا معائنہ، کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار*
گھانچے: صوبائی سکریٹری برائے محکمہ مواصلات و تعمیرات سجاد حیدر چیف انجینئر بلتستان ریجن انجئیر اقبال حسین کے ہمراہ نے ضلع گھانچے کے دورے کے دوران مشولو سے ہلدی کو ملانے والے دریائے ہُشے پر زیرِ تعمیر 140 میٹر طویل آر سی سی (RCC) پل کے منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر محمکہ مواصلات و تعمیرات شاہد علی سیمت اعلیٰ افسران، انجینئرز، پراجیکٹ حکام، کنسلٹنٹس اور تعمیراتی کمپنی کے نمائندے بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران سیکریٹری کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت، تعمیراتی معیار، مالی و تکنیکی امور، حفاظتی اقدامات اور تکمیل کے شیڈول کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ پل کے ساتھ اپروچ روڈز، حفاظتی گائیڈ والز اور دیگر متعلقہ تعمیراتی کام بھی منصوبے کا حصہ ہیں، جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔
صوبائی سکریٹری برائے محکمہ مواصلات و تعمیرات سجاد حیدر نے پل کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی معیار اور انجینئرنگ کے تقاضوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے ہر مرحلے میں بین الاقوامی معیار، شفافیت اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کو ایک محفوظ، مضبوط اور دیرپا انفراسٹرکچر فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر سیکریٹری محکمہ برائے مواصلات و تعمیرات سجاد حیدر نے کہا کہ دریائے ہُشے پر 140 میٹر طویل آر سی سی پل ضلع گھانچے کا ایک اہم ترقیاتی منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے مشولو، ہلدی اور گردونواح کی آبادیوں کے درمیان آمدورفت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پل نہ صرف سفری مشکلات میں کمی لائے گا بلکہ تعلیم، صحت، تجارت، زراعت اور سیاحت کے شعبوں کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ گلگت بلتستان عوام کو جدید اور معیاری بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔